فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے گلشنِ جوہر میں رینجرز کی چیک پوسٹ پر ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ اور قابلِ نفرت کارروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس افسوسناک حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے رینجرزاہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور زخمی ہونے والے اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔سید آفتاب عظیم بخاری نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ حکومتِ سندھ کی سیکیورٹی حکمتِ عملی اور امن و امان کے نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اگر حساس مقامات اور سیکیورٹی چیک پوسٹیں بھی محفوظ نہیں رہیں تو عام شہریوں کے تحفظ کے دعوے کس حد تک قابلِ اعتماد ہیں۔ حکومت کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کی شفاف، غیر جانبدار اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں، منصوبہ بندی کرنے والے، سہولت کاروں اور حملے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔




