فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سی ایم پیکج کی ترقیاتی سکیموں کو مون سون سیزن سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ واضح کیا ہے کہ جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب پیکج کے تحت جاری 14ترقیاتی سکیموں میں سے مخصوص کامو ں کو مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ موسم برسات کے دوران کھدائی سمیت دیگر تعمیراتی کام بند رہیں گے اس لئے بارشی سیزن سے قبل ہی ان ترقیاتی سکیموں کو مکمل کیا جائے، اسی طرح جو ترقیاتی سکیمیں اپنی تکمیل کے قریب ہیں ان پر کاموں کو فل سپیڈ کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ مون سون سیزن میں ان کے فوائد سے شہری مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ جاری رکھے تاکہ منصوبوں کا معیار اور شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔




