فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے رواں سال کے دوران جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 130 خطرناک ڈکیت گینگ کے 339ملزمان کو گرفتار کر کے 10کروڑ سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کر لیا۔ تفصیل کے مطابق سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ رواں سال کے دوران ضلعی پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس’ سی سی ٹی وی’ سیف سٹی کیمروں سمیت جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مجموعی طور پر ڈاکوئوں کے 130 گینگز کے 339افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 10کروڑ سے زائد مالیت کی 130موٹرسائیکلیں’ 8رکشے’ 40موبائل فونز’ لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات’ بیٹریاں’ تاریں’ دیگر قیمتی سامان کیساتھ ساتھ 76مویشی بھی برآمد کئے۔ پکڑے جانیوالے ملزمان سے 148 پسٹل’ 2 پمپ ایکشن گن’ 2ریوالور اور سینکڑوں گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ سی پی او تنویر حسین نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی شہر میں کوئی جگہ نہیں ہے اور قانون شکنوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔




