بیٹا قتل اور باپ کو زخمی کرنیوالے 4ملزمان گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ پولیس نے بیٹے کو قتل اور باپ کو زخمی کرنے والے 4ملزمان کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ ماہ چک جھمرہ کے علاقہ 102 ج ب برج منڈی میں پرانی دشمنی اور رقم کے لین دین کے تنازعہ پر مسلح ملزمان زمان اکرم’ نعمان’ ابوبکر اور رضوان وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے حیدر شہباز کو قتل جبکہ اس کے والد شہباز کو بری طرح زخمی کر دیا تھا۔ تاہم ملزمان ہوائی فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ تاہم ایس ایچ او چک جھمرہ رضوان شوکت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر چار ملزمان زمان اکرم’ نعمان’ ابوبکر اور رضوان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی پی او تنویر حسین نے بیٹے کو قتل اور باپ کو زخمی کرنے والے ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایچ او تھانہ چک جھمرہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں