FDAکی موثر ریکوری مہم،1ارب2کروڑ94لاکھ موصول

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)نے مالی سال 2025-26کے دوران موثر ریکوری مہم کے نتیجے میں مختلف نوعیت کے واجبات کی مد میں ایک ارب دو کروڑ 94لاکھ روپے وصول کیے، جو ادارے کی مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی، جس میں مالی سال 2025-26کے دوران واجبات کی وصولیوں کی تفصیلات اور سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کی جبکہ مختلف شعبہ جات کے متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی وصولیوں میں نان ڈویلپمنٹ کے شعبے سے 73کروڑ 40لاکھ روپے جبکہ ڈویلپمنٹ سیکٹر سے 29کروڑ 54لاکھ روپے وصول ہوئے ہیں۔ یہ وصولیاں گزشتہ مالی سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہیں۔ اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ وصول کیے گئے واجبات میں ہاسنگ سکیموں کے ڈویلپمنٹ چارجز، نقشہ منظوری فیس، نیلامِ عام کے ذریعے فروخت ہونے والے پلاٹس کی رقوم ، پلاٹ ٹرانسفر فیس، کمرشلائزیشن چارجز، لینڈ کنورژن فیس، غیر قانونی تعمیرات پر عائد جرمانے، اونرشپ سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس کے اجرا کی فیس اور دیگر مختلف مدات شامل ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے سالانہ ریکوری کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو کی وصولیوں کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ اور مسلسل فالو اپ کے باعث حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ادارے کے ذرائع آمدن میں مزید اضافہ کرنے کے لیے جامع اور موثر حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، واجبات کی بروقت وصولی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں