چنیوٹ(نامہ نگار)واسا حکام کی مبینہ غفلت اور ڈسپوزل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث شہر کے متعدد علاقے سیوریج اور گٹروں کے گندے پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ عثمان آباد، صدر چونگی بازار اور دیگر کئی علاقوں میں گٹروں کا پانی گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی جبکہ تعفن پھیلنے سے شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ متاثرہ مکینوں اور دکانداروں نے مطالبہ کیا کہ مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو جبکہ دوسری جانب واسا چنیوٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈسپوزل پر پیش آنے والے کچھ تکنیکی مسائل کے باعث پانی کے اوور فلو کی صورتحال پیدا ہوئی۔ ترجمان کے مطابق مسئلے کے فوری اور مستقل حل کے لیے واسا کی ٹیم موقع پر مسلسل کام کر رہی ہے اور جلد از جلد صورتحال کو معمول پر لاتے ہوئے مسئلہ مکمل طور پر حل کر دیا جائے گا۔ واسا چنیوٹ نے شہریوں کو پیش آنے والی عارضی پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے تعاون اور صبر کی اپیل بھی کی ہے۔




