فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں خواتین کی معاشی خودمختاری منصوبے کے تحت قائم کیے گئے ”ایمپاور ہر” ملٹی پرپز سینٹر کا افتتاح پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ترقی خواتین پنجاب سعدیہ تیمور نے کیا۔ یہ منصوبہ کے او آئی سی اے یو این ویمن اور کاروان کرافٹس کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ یہ مکمل طور پر جد ید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل لرننگ اور پروفیشنل ٹریننگ لیب ہے، جہاں 18سے 35سال کی خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں، کاروباری تربیت، قیادت، اختراع اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں ڈیجیٹل معیشت میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔اپنے خطاب میں سعدیہ تیمور نے حکومتِ پنجاب کی خواتین کی ترقی کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی اور یونیورسٹی کی اس کاوش کو سراہا اور مستقبل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ یہ مرکز طالبات، ملازمین اور مقامی خواتین کی پیشہ ورانہ و ڈیجیٹل استعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سروس اور سماجی ترقی کا موثر پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔ انہوں نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور سعدیہ تیمور کی مسلسل معاونت کو سراہا۔تقریب میں یو این کی پروگرام کوآرڈینیٹر سدرہ ہمایوں، کاروان کرافٹس فائونڈیشن کے سی ای او دانش جبار خان سمیت یونیورسٹی کے تدریسی وانتظامی سربراہان نے شرکت کی۔ تقریب سے ڈاکٹر صدف نقوی، انچارج ملٹی پرپز سینٹر و ویمن ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹورنگ سینٹر، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ثمین، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز، اور شراکت دار اداروں کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی تقریب کا اختتام کیک کاٹ کر کیا گیا۔




