فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابد’ ممبران چوہدر ی الطاف رحمانی’ رانا ایوب منج’ چوہدری حبیب الرحمن گل’ ملک شاہد رسول’ غلام مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جھنگ روڈ پر میٹروبس پروجیکٹ پر کام شروع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے’ ٹرک سٹینڈ’ سبزی منڈی اور ایئرپورٹ کی وجہ سے جھنگ روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے’ ہمارا چیف ٹریفک پولیس ناصرجاوید رانا اور انچارج جھنگ روڈ ٹریفک سرکل چوہدری عرفان کاہلوں سے مطالبہ ہے کہ جھنگ روڈ پر ٹریفک وارڈنز کی تعداد بڑھائی جائے اور ٹریفک کے مسائل حل کئے ہیں ‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے FCCI کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے اجلاس کے دوران کیا جس کی مہمان خصوصی انچارج جھنگ روڈ ٹریفک سرکل چوہدری عرفان کاہلوں تھے’ انہوں نے کہا کہ جھنگ روڈ سے تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے’ جب تک بقیہ سڑک کے دونوں اطراف لگی ریڑھیوں کو ہٹایا نہیں جاتا ٹریفک کے مسائل حل نہیں ہوں گے’ اس کے علاوہ سروس لائن کو خالی رکھا جائے اور ٹرک ڈرائیوروں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنا سامان سروس روڈ پر نہ رکھیں’ انہوںنے ڈی ایس پی ٹریفک چوہدری عرفان کاہلوں کو بتایا کہ جھنگ روڈ کے سروس روڈ پر ٹرکوں اور مزدوں کا قبضہ ہے’ سروس روڈ پر لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کے بہائو میں بے شمار مسائل پیش آ رہے ہیں’ انہوں نے بتایا کہ گلفشاں کالونی موڑ سے آگے سبزی اور فروٹ فروشوں نے اندھیرنگری مچا رکھی ہے’ سارا روڈ بلاک کر کے ٹریفک کے مسائل پیدا کئے ہوئے ہیں’ اس کے علاوہ جھنگ روڈ پر1122 آفس کے ڈوائیڈر پر ہرقسم کی گاڑیوں والے ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہیں اگر وہاں پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی لگائی جائے تو روزنہ درجنوں کے حساب سے چالان ہوں گے’ مہمان خصوصی انچارج جھنگ روڈ ٹریفک سرکل چوہدری عرفان کاہلوں نے حاجی محمد عابد اور ان کی ٹیم کے ارکان کی باتیں بغور سنیں اور یقین دلایا کہ آپ کے ٹریفک کے تمام مسائل بہت جلد حل کر دیئے جائیں گے’ چوہدری عرفان کاہلوں نے بتایا کہ ہم نے جھنگ’ چنیوٹ اور ٹوبہ سے وارڈنز کی اضافی نفری کیلئے درخواست دے دی ہے’ بہت جلد ہمیں اضافی نفری مل جائے گی اور میں آپ سب کو یقین دلاتا ہو کہ جھنگ روڈ کے ٹریفک کے مسائل آپ کی امنگوں کے مطابق حل ہوں گے’ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر اور ڈپٹی چیف آفیسر سے مل کر جھنگ روڈ سے انکروچمنٹ کو ختم کریں گے تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی خلل نہ ہو۔




