امتحانی ضابطوں کی خلاف ورزی پر 3اہلکار معطل

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) امتحانی مرکز پر چھاپہ، نقل میں ملوث عملہ بے نقاب، تین اہلکار معطل، تفصیلات کے مطابق کوآرڈینیٹر وزیر تعلیم ہاشم تو صیف کے ہمراہ سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد راو عبدالکریم نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول میں فرسٹ ایئر امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا ، جس کے دوران امتحانی نظام میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔چیکنگ کے دوران طلبہ سے مبینہ طور پر بوٹی اور غیر قانونی مواد برآمد ہوا، جبکہ امتحانی عملے کے موبائل فونز سے دورانِ امتحان چیٹنگ کے شواہد بھی سامنے آئے۔مزید تحقیقات میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد یونس, نگران شفیق الرحمن اور کلرک فیصل جمیل کو نقل کروانے اور امتحانی ضابطوں کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا۔صورتحال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو موقع پر طلب کیا گیا اور متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ تینوں اہلکاروں کو فوری طور پر معطل بھی کر دیا گیا ہے۔ رائو عبدالکریم نے واضح کیا ہے کہ شفاف امتحانی نظام کے لیے زیروٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا اور امتحانات میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں