ہوا آلودہ کرنے میں ٹرانسپورٹ اور صنعتیں شامل ہیں

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان کیلئے ”صاف ہوا” کا جامع پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے خاص طور پر انڈسٹری کو متحرک اور قابل عمل فیصلے کرنا ہوں گے۔ یہ بات فیئر فنانس پاکستان کے کنٹری پروگرام لیڈ عاصم جعفر ی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہوا آلودہ کرنے میں ٹرانسپورٹ ، زراعت اور صنعتیں شامل ہیں ۔ پالیسی قوانین اور عملی اقدامات میں تفاوت کی وجہ سے اِن پر قابو پانامشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خلا کو پُر کرنے کیلئے فیئر فنانس پاکستان سویڈن کی حکومت، ہمہ جہتی اداروں اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ صنعت پر ہے تاکہ مالی امداد سے صنعتی شعبہ کو ماحول دوست نظام کی طرف منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں پریزنٹیشن بھی دی۔ اس سے قبل مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف کرایا اور بتایا کہ یہاں قائم مختلف قسم کی صنعتیں ملکی معیشت اور برآمدات میںکلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں