سرگودہا( بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت کمشنر آفس میں میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے امور اور آئندہ ترقیاتی منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سرگودھا، میونسپل آفیسر (پلاننگ) نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں، پارکوں، گرین بیلٹس، نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی خدمات کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میونسپل آفیسر (پلاننگ) نے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے مختلف سکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ شہریوں کو معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ شہری مسائل کے حل اور شہر کی خوبصورتی کے لیے مؤثر اور دیرپا منصوبہ بندی کی جائے۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرگودھا کو ایک صاف، منظم اور جدید شہر بنانے کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔




