لاہور (بیوروچیف) سانحہ کاہنہ کے سوگوار گھروں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پہنچ گئیں۔ غم سے نڈھال ماں کو گلے لگا کر دلاسہ دیا، دکھ میں شریک ہوئیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور حکومت پنجاب کی جانب سے جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 20لاکھ جبکہ ہر زخمی کے لیے 5لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ ”لفظ کم ہیں، غم بہت بڑا ہے”۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھی ماں کے آنسوں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی، ننھے پھولوں کا اس طرح بچھڑ جانا انتہائی دلخراش ہے۔مریم نواز نے متاثرہ والدین کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی، کیونکہ آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے۔




