خستہ حال گھروں کی مرمت و بحالی کیلئے مریم نواز کا بڑا اقدام

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مستحق خاندانوں کو خستہ حال گھروں کی مرمت، بحالی اور نئے رہائشی پورشن کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق قرضے کم لاگت، شفاف اور آسان طریقہ کار کے تحت جاری کیے جائیں گے۔وزیر ہاسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ظفر مسعود، سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پروگرام کی پیش رفت اور آئندہ حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مستحق خاندانوں کو ای پورٹل کے ذریعے 5لاکھ سے 10لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جنہیں گھر کی مرمت، نئی چھت ڈالنے یا اضافی پورشن کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ یہ قرضے ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت جاری کیے جائیں گے۔ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ اب تک اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ 70ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ سال مزید ایک لاکھ خاندانوں کو اس سہولت سے مستفید کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کم آمدن والے اور کچے یا خستہ حال مکانات میں رہنے والے شہری و دیہی خاندانوں کو محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ وزیر ہائوسنگ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پروگرام پر تیز رفتار، موثر اور شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں