انجمن تاجران بھوآنہ بازار کی الیکشن سرگرمیاں شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران بھوآنہ بازار کی الیکشن سرگرمیاں شروع ہو گئیں’ صدر کیلئے دو امیدوار میدان میں آ گئے۔ تفصیل کے مطابق موجودہ کابینہ کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی انجمن تاجران بھوآنہ بازار کے انتخابات کی سرگرمیاں زور پکڑنے لگی ہیں۔ موجودہ صدر محمد یحییٰ اور سابق صدر شیخ بلال الٰہی صدر کی سیٹ کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے میدان میں آ گئے ہیں۔ دونوں نے اپنی انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ ڈور ٹوڈور تاجروں سے میٹنگز کر رہے ہیں۔ موجودہ کابینہ کی مدت 27جولائی کو ختم ہو گی جس کے 15 دن بعد اگست میں انجمن تاجران بھوآنہ بازار کے الیکشن ہوں گے، کل ووٹرز 322 ہیں جو حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ تاجر تنظیمیں اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی اس الیکشن میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ ووٹرز اور سپورٹرز بھی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین محمد امین بٹ صدر کے امیدوار شیخ بلال الٰہی کی حمایت کر رہے ہیں۔ پچھلے الیکشن میں محمد یحییٰ صدر کا الیکشن جیت گئے تھے جبکہ شیخ بلال الٰہی ہار گئے تھے۔ اس سے قبل جو الیکشن ہوا تھا اس میں شیخ بلال الٰہی نے میدان مار لیا تھا اور محمد یحییٰ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، نئے ہونیوالے الیکشن میں شیخ بلال کی پوزیشن بہتر نظر آ رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں