فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایکٹن یونیورسٹی امریکہ میں امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار اور مذہبی آزادی کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کا شاندار مظاہرہ کیا گیا-گریند ریپڈز، مشی گن /واشنگٹن ڈی سی: سینیٹ آف پاکستا ن کے رکن اور ملک کے واحد مسیحی سینیٹرسردارخلیل طاہر سندھو، اور یوتھ ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شاہد رحمت نے گرینڈ ریپڈز، مشی گن میں منعقدہ ‘ایکٹن یونیورسٹی 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کی، جس کے بعد انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں متعدد اعلی سطح کی مصروفیات میں حصہ لیا۔اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی، شمولیت پر مبنی طرزِ حکمرانی اور کمیونٹی کی سطح پر امن کے قیام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کا ایک مثبت اور روشن عکس پیش کیا۔انہوں نے حالیہ امریکہ امریکہ ایران کشیدگی کے دوران مذاکرات کے فروغ اور حالات کو پرامن بنانے کے لیے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو بھی نمایاں کیا، اور سفارت کاری، پرامن بقائے باہمی اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ایکٹن یونیورسٹی میں سینیٹر سردارخلیل طاہرسندھواور شاہد رحمت نے 80 سے زائد ممالک کے عالمی پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، مذہبی رہنماں، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر YDF کے جدید اور اختراعی اقدامات کو بے حد سراہا گیاجن میں درسی کتب اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی مواد کی نشاندہی کے لیے تیار کردہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) پر مبنی پلیٹ فارم ہارمنی چیکر، سماجی تنا کو روکنے کے لیے تجویز کردہ ابتدائی انتباہی نظام (Early Warning System)، اور معتبر معلومات کے فروغ اور افواہوں کے سدِباب کے لیے قائم کردہ حقیقت پلیٹ فارم شامل ہیں۔ ان اقدامات کو مذہبی آزادی، ڈیجیٹل استحکام اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اور بہترین ماڈل کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ ان کی اس شرکت نے ٹیکنالوجی کے ذریعے امن کے قیام اور جامع ترقی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو واضح کیا۔دورے کے دوران، سینیٹر سندھو اور شاہد رحمت کا نیویارک، ڈیلاویئر، میری لینڈ، بالٹیمور اور واشنگٹن ڈی سی میں مقیم مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی تارکینِ وطن نے پرتپاک استقبال کیا۔ ان استقبالیہ تقاریب میں مختلف مذاہب کے پاکستانی امریکیوں، کاروباری شخصیات، نوجوانوں، علمائے کرام و مذہبی رہنماں، شعرا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی تاکہ اتحاد کا جشن منایا جا سکے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے، اقلیتوں کی شمولیت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔علاوہ ازیں، وفد نے امریکی محکمہ خارجہ (اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) کے حکام، بین الاقوامی تنظیموں، تھنک ٹینکس اور مذہبی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بھی انتہائی نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں، جن میں مذہبی آزادی، امن کے قیام، ڈیجیٹل استحکام اور ہمہ جہت ترقی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سینیٹر خلیل طاہر سندھو اور شاہد رحمت نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی، اپنے میزبانوں اور شراکت دار تنظیموں کی شاندار مہمان نوازی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایسے مضبوط بین الاقوامی روابط کے فروغ کے لیے کوشاں رہیں گے جو امن، انسانی وقار، مذہبی آزادی اور پائیدار ترقی کو فروغ دیں اور دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کریں۔




