تیونس سے 2پاکستانی ڈی پورٹ

لاہور( بیوروچیف)غیر قانونی طور پر اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے دو پاکستانی شہریوں کو تیونس سے ڈی پورٹ کر دیا گیا جبکہ ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات کے ذریعے کینیڈا جانے کی کوشش ناکام بنا کر مسافر اور اس کے مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق اٹلی جانے کی کوشش میں تیونس سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے تحویل میں لے لیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان محمد انس اور محمد ارسلان ایمرجنسی پاسپورٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں کچھ عرصہ سعودی عرب میں مقیم رہے جہاں سے انہوں نے یورپ جانے کے لیے غیر قانونی راستہ اختیار کیا۔ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان نے بعد ازاں لیبیا کے راستے کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچنے کی کوشش کی تاہم دورانِ سفر تیونس کی پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے نے ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا جہاں ان سے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں سے متعلق بھی تحقیقات کی جائیں گی۔علاوہ ازیںایف آئی اے امیگریشن نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے کینیڈا جانے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عمر جمیل اور مبینہ ایجنٹ عتیق شامل ہیں۔ عمر جمیل فلائٹ نمبر کیو آر 621 کے ذریعے کینیڈا روانہ ہونے والا تھا تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کی دستاویزات مشکوک معلوم ہونے پر اسے روک لیا گیا۔ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا کہ ملزم کے پاکستانی پاسپورٹ پر لگا کینیڈا کا وزٹ ویزا جعلی ہے۔ دورانِ تفتیش عمر جمیل نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ جعلی وزٹ ویزا عتیق نامی ایجنٹ سے 65 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیا تھا۔ایف آئی اے نے مسافر کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ایجنٹ عتیق کو بھی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں