فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FCCI)کی انٹرنیشنل ٹورازم سٹینڈنگ کمیٹی اور سیکیورٹی جنرل انشورنس پاکستان (SGI)کے اشتراک سے IATAکی متوقع نئی گارنٹی پالیسی کے حوالے سے ایک معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیصل آباد کی ٹریول ٹریڈ کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ورکشاپ میں لاہور سے TAAP کے سینئر وائس چیئرمین محمد الیاس، آغا طارق سراج اور حسن مسعود نے خصوصی شرکت کی اور ٹریول انڈسٹری سے متعلق اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ورکشاپ کے دوران سیکیورٹی جنرل انشورنس (SGI) کے عامر جمیل نے کمپنی کا جامع تعارف پیش کیا اور IATA گارنٹی کے حوالے سے انشورنس کمپنی کے کردار، سہولیات اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں CEO فرخ علیم نے شرکا کے سوالات کے جامع، مدلل اور تسلی بخش جوابات دیے، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر چیئرمین انٹرنیشنل ٹورازم اسٹینڈنگ کمیٹی، ندیم اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بنیادی مقصد کاروباری برادری کو بہترین معلومات، جدید رجحانات اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے موثر پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ورکشاپس ٹریول انڈسٹری کی استعداد کار بڑھانے اور کاروباری ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے لاہور سے تشریف لانے والے معزز مہمانوں، سیکیورٹی جنرل انشورنس پاکستان کی ٹیم، TAAP کے نمائندگان اور فیصل آباد کی ٹریول ٹریڈ کمیونٹی کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام شرکا کے تعاون سے یہ ورکشاپ انتہائی کامیاب رہی، جس سے ٹریول ایجنٹس کو IATA کی آئندہ گارنٹی پالیسی کے حوالے سے مفید معلومات اور رہنمائی حاصل ہوئی۔




