پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس ناکام’فیصل آباد میں ناجائز منافع خوروں کا راج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرافورس گرانفروشی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام’ فیصل آباد میں ناجائز منافع خوروں کا راج’ گیس اور بجلی کے بلوں کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث گوشت’ دودھ’ دہی’ پھل’ سبزیاں’ روٹی’ ایل پی جی اور کریانہ کی اشیاء سرکاری قیمتوں کے برعکس من مانے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں ہر چیز کے دام کئی کئی گنا زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں میں موثر نگرانی کرنے کی بجائے دفاتر میں بیٹھ کر کارروائیوں کی رپورٹس ارسال کر دیتے ہیں جبکہ عملی طور پر گراں فروشی کے خلاف موثر اقدامات نہیں کئے جاتے جس کا فائدہ ناجائز منافع خور اٹھا رہے ہیں اور بلاخوف وخطر سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پیرافورس بھی مخصوص کام تک محدود ہے۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ اس حوالے سے پیرافورس مکمل طور پر فیل ہو چکی ہے۔ شہر میں روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں۔ بیشتر دکاندار اپنی دکانوں پر سرکاری نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں بھی نہیں کرتے، ناجائز منافع خوری پر قابو پانا نئے تعینات ہونیوالے ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کا بھی بڑا امتحان ہے، انہیں چاہیے کہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بہتر بنائیں اور پیرافورس کے اہلکاروں کا قبلہ درست کریں، دوسری طرف شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں