لاہور (بیوروچیف)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہی ان کی سیاست کا محورہے، علاقے کی بنیادی ضرورتوں کو پوراکرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے برج ضلع اٹک میں جنازگاہ کی تعمیرکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جنازگاہ کی تعمیرپر تقریبا پچاس لاکھ روپے لاگت آئے گی جسے گورنر پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے مکمل کیا جائے گا۔ برج ضلع اٹک آمد پرلوگوں کی کثیرتعداد نے گورنرپنجاب کا پُرجوش استقبال کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوامی خدمت،جمہوریت کے استحکام اور غریب و محروم طبقات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو بااختیاربنانے اورانہیں ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے جو جدوجہد کی کی وہ ملکی سیاست کا ایک روشن باب ہے۔محترمہ بی بی شہید اور پارٹی کی موجودہ قیادت بھی اسی عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپورکردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہاں سے گورنر ہاؤس پندرہ دن بعد واپسی کا کہہ کرجاتا ہوں لیکن چاردن بعدہی آپ لوگوں کی محبت مجھے دوبارہ کھینچ لاتی ہے۔ گورنرہاؤس آپ لوگوں کا ہے۔گورنرہاؤس کے دروازے آپ کے لیے کُھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ان کی سیاست کا محور صرف عوام کی خدمت ہے۔ میں نے سیاست غریب آدمی کے لئے شروع کی اور مشکل وقت میں ہمیشہ غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہوا ہوں۔ علاقے کی بنیادی ضرورتوں کو پوراکرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔




