فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج پھر مزید 3مبینہ پولیس مقابلوں میں بدنام 2ڈرگ ڈیلر ہلاک’ 2ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار لہولہان ہو گئے، بتایا جاتا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ گڑھ محمد عثمان خان کو اطلاع ملی کہ بدنام زمانہ منشیات فروش شفقت شاہ اپنے ساتھیوں وسیم ولد ریاض سکنہ شیرازیہ آباد کی بیٹھک کے باہر چارپائیوں پر بیٹھے ہیں جس پر ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ ملزمان کی فائرنگ سے دو کانسٹیبل محمد شکیل اور مزمل حسین زخمی ہو گئے، جن کو ہسپتال منتقل کیا جس پر ریسکیو15پر مقابلہ کی کال کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم مردہ پڑا تھا جس کی شناخت شفقت شاہ ولد طالب شاہ سکنہ ٹھٹھہ محبوب شاہ کے نام سے ہوئی جبکہ کچھ فاصلہ پر ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام وسیم ولد ریاض بتایا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر دیں۔ ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد سب انسپکٹر ساجد محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 9 ج ب بھولیوال کے قریب ناکہ بندی کرتے ہوئے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ ایک فائر کانسٹیبل علی عثمان کو لگا تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا اور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے کھیتوں میں چھپ گئے، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا، ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام رضوان ولد عبدالحمید سکنہ شاداب کالونی بتایا۔ اس کے قبضہ سے اسلحہ اور ایک کلو سے زائد ہیروئن بھی برآمد ہوئی جوکہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ مدینہ ٹائون کے ایس ایچ او عدیل اکرم چیمہ کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ملزم ارباز ولد سردار سکنہ الٰہی آباد گلی نمبر19 اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑا گیا۔




