فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان سے دوستی کرنے والی جواں سالہ لڑکی ہی اس کی قاتلہ نکلی۔ ایس ایچ او سمن آباد طالش عباس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اندھے قتل کو ٹریس کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 20مئی کو گلی نمبر1نثار کالونی میںایک نوجوان محمد عثمان ساکن 437گ ب نور پور سمندری ایک جواں سالہ لڑکی کے سا تھ رکشہ میں سوار ہو کر جا رہا تھا کہ 3نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی گولیاں لگنے سے مذکورہ نوجوان محمد عثمان موقع پر چل بسا جبکہ خاتون اور رکشہ ڈرائیور بچ گئے۔ جس پر سمن آباد پولیس نے مقتول کے چچا محمد رمضان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف 302ت پ کا مقدمہ درج کیا اور ایس ایچ او سمن آباد طالش عباس نے اس اندھے قتل کو ٹریس کرنے کے لئے تحقیقات کا آغاز کیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مختلف امور پر کام کیا اور شواہد اکٹھے کر کے مقتول کے ساتھ وقوعہ پر موجود لڑکی کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا جس سے پتہ چلا کہ اس وقوعہ میں مذکورہ لڑکی کا مرکزی کردار ہے جس نے شواہد کی روشنی میں مذکورہ خاتون سیماب بی بی کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو جس نے تمام راز اگل دیئے اس نے بتایا کہ اس نے ملزمان کی ایماء پر مقتول محمد عثمان کے سا تھ سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی کی اور واٹس ایپ کال پر اسے سمن آباد بلایا۔ جہاں پر دونوں نے آئسکریم کھائی اور ایک طے شدہ منصوبے کے تحت ملزمان نے آ کر گولیاں مار کر محمد عثمان کو موت کی نیند سلا دیا۔ ملزمہ کے مطابق ملزمان اور مقتول کی آپس میں پرانی دشمنی تھی۔ اس بناء پر ملزمان نے اس کے ذریعے مذکورہ نوجوان کو ٹریپ کیا۔ایس ایچ او سمن آباد طالش عباس نے ملزمہ کے بیانات کی روشنی میں قاتلوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔




