آج پھر41ڈاکے،حادثات میں3جاں بحق،جعلی بسکٹ بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آبا د میں وارداتوںکا سلسلہ تھم نہ سکا، آج پھر راہزنی اور چوری کی مزید41وارداتوں کے دوران لاکھوں کے زیورات، نقدی ، قیمتی سامان، موبائل فونز چھین لیے، متعدد شہریوں کو موٹرسائیکلوں سے محروم کر دیا گیا’ ہجویری ٹائون میں سالگرہ کی تقریب کے دوران مہمان شہری کے گھر سے 19لاکھ کے زیورات ‘ نقدی لے اُڑے ، ہجویری ٹائون کے رہائشی عرفان علی نے بیٹے کی سالگرہ پر تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے مہمانوں کو مدعو کیا۔ مہمان آنے پر سالگرہ کی تقریب میں مصروف ہو گئے۔ مہمان جانے کے بعد کمرہ میں جا کر دیکھا تو الماری کا تالہ ٹوٹا ہوا تھا اور سامان بکھرا پڑا تھا۔ جانچ پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ ساڑھے 19لاکھ مالیت کے زیورات’ پونے دو لاکھ کی نقدی اور قیمتی سامان غائب تھا جبکہ اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 8لڑکیوں اورو نوجوان کو اغواء کر لیا، پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق منصور آباد کے اصغر کی بیٹی (الف) گھر سے بازار گئی واپس نہ آئی، ملت ٹائون کے عبدالرحمان کی بھتیجی (م) کو نامعلوم ملزمان، ساندل بار کے علاقہ 60ج ب کی کبریٰ بی بی کی بیٹی (ن) کو نامعلوم، صدر کے علاقہ گلشن علی ٹائون کے غلام رسول کی بیٹی (ع) کو نامعلوم، محلہ اسلام پورہ کے معظم علی کی بیٹی (ر) کو نامعلوم ملزمان، ٹھیکری والا کے علاقہ274ج ب کے ارشاد کی بیٹی (ص) کو ملزمان فیض وغیرہ، روڈالہ روڈ کے علاقہ374گ ب کے ثاقب کی اہلیہ (ش) کو اوباش ملزم فرمان وغیرہ، کھرڑیانوالہ کے علاقہ229ر۔ب کی نسرین کی بیٹی (ک) کو ملزمان بلال وغیرہ نے اغواء کر لیا، رضا آباد کے علاقہ 219ر۔ب کی خالدہ بی بی کا بیٹا گھر سے سودا سلف لینے نکلا واپس نہ آیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ جبکہ نور شاہ ولی دربار کے قریب حسنین سے قیمتی فون چھین لیا، محلہ عثمان غنی کے محمد عثمان سے نقدی وفون، عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) میں امتیاز سے جھپٹا مار کر فون چھین لیا، مدینہ ٹائون خرم چوک کے قریب یوسف کے گھر سے قیمتی سامان چوری، 203ر۔ب کے وحید سے نقدی وفون، 6ج ب کے اشفاق سے 15ہزار وفون چھین لیا، 100ج ب کے زاہد سرفراز سے نقدی وفون، بھائی والا روڈ پر غلام مصطفی کے سٹور سے لاکھوں کا سامان چوری، 113ج ب کے گلفام مسیح سے 12ہزار وفون، 116ج ب کے سجاد کے گھر سے سامان چوری، گارڈن کالونی کے رمضان کے گھر سے 7لاکھ نقدی وفون، ایوب کالونی کے فرزند علی کے گھر کے تالے توڑ کر 8لاکھ کے زیورات، نقدی چوری، نڑ والا بنگلہ کے قریب علی رضا کی دکان سے3لاکھ کے جوتے چور لے اڑے، نثار کالونی کے حافظ عثمان سے نقدی وفون، محلہ بہار کے پرویز سے اڑھائی لاکھ و فون، 27ج ب کی ریحانہ بی بی کے گھر کا صفایا کر دیا گیا، احمد دین ویلی کے آکاش کے گھر سے قیمتی سامان چوری، ہمایوں ٹائون کے یعقوب سے 65ہزار وفون، 225ر۔ب کے آصف سے 10ہزار وفون، 275ج ب کے مقبول کے گھر سے بکرے چوری، نیا بازار جڑانوالہ کے ڈاکٹر آصف سے 60ہزار وفون، 235گ ب کے مجاہد علی سے 17ہزار وفون چھین لیے، 354گ ب کے احسان عباس کے ڈیرہ سے مویشی چوری، 71گ ب کے زاہد کے گھر کا صفایا کر دیا گیا، لنڈیانوالہ کے قریب امجد علی سے50ہزار وفون، 562گ ب کے طارق سے 5ہزار، 205ر۔ب کے گلفام سے 15ہزار و فون، قصبہ تاندلیانوالہ کے عمر دراز کی چھت سے سولر پلیٹس چوری، ٹھٹھہ ترہانہ کے تنویر کے رقبہ سے انورٹر سولر پلیٹس چوری، 545گ ب کے اویس کی حویلی سے مویشی چوری، 51گ ب کے اسد کے ڈیرہ سے قیمتی سامان چوری اور دیگر وارداتوں میں لاکھوں کا مال و اسباب لوٹ لیا گیا۔ علاوہ ازیں رشید آباد کے رضوان علی، دربار بابا گجر پیر سے ذیشان منور، کلیم شہید پارک سے منور، منصورآباد کے خرم، الٰہی آباد کے عمران،238ر۔ب کے کاشف منیر اور دیگر کی موٹر سائیکلیں چور لے اڑے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ نہ لگا سکی۔دریں ثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں کم سن بچے سمیت3افراد جاں بحق،10افراد بری طرح زخمی ہو گئے ، ریسکیو1122 نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ہی خاندان کے 12افراد لوڈر رکشہ پر سوار ہو کر عزیز کے ختم شریف سے فارغ ہو کر فیصل آباد آ رہے تھے کہ جب وہ گٹ والا انڈر پاس کے قریب پہنچے تو عقب سے آنے والی تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے لوڈر رکشہ الٹ گیا اور اس میںسوار تمام افراد بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 65سالہ صادق علی ولد مانک اور 3سالہ ایان ولد بوٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 43سالہ افتخار الحسن، 22سالہ شہزاد، 38سالہ مقصوداں بی بی، 35سالہ عشرت بی بی، 7سالہ عبدالہادی، ایک سالہ ام فروہ، 5سالہ عثمان علی، 35سالہ شوگربی بی، 6سالہ عثمان اور 2سالہ عنایہ بری طرح زخمی ہو گئے،دوسرا حادثہ شیخوپورہ روڈ پر266ر۔ب کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار ریحان افضل ولد محمد افضل سکنہ72ر۔ب زندگی کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ٹیم نے مضروبان کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا، تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں مشتعل افراد نے دو شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے مونچھیں اوربھنویں مونڈ ڈالی’ چالاک ملزمان کا 5شہریوں کیساتھ13کروڑ کا فراڈ، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مضر صحت پاپڑ بنانے والا یونٹ پکڑ لیا، تفصیل کے مطابق سمندری کے علاقہ463گ ب کے رہائشی کاشف نے بتایا کہ رشتہ کے اختلاف پر مشتعل ملزمان مظہر، شہباز وغیرہ نے پکڑ کر بھٹہ پر لے جا کر بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے سر اور مونچھوں کو مونڈ ڈالا، ٹھیکری والا کے علاقہ83ج ب کے احتشام نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ کاشف علی کو شک تھا کہ اس کی اہلیہ کیساتھ عمیر عرف میری کے ناجائز مراسم ہیں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عمیر عرف میری کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اور اس کی مونچھیں اور بھنویں مونڈ نے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جبکہ غلام محمد آباد کے رہائشی طلحہ کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم ریحان نے کاروبار کیلئے ڈیڑھ کروڑ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی، ستیانہ روڈ کے نعمان سے ملزم راشد نے 50لاکھ، نڑوالا روڈ کے عمران سے ملزم غفور نے 32لاکھ، سرکلر روڈ کے زاہد سے ملزم منیر نے 30لاکھ اور کارخانہ بازار کے تاجر عدنان سے ملزم ابو بکر نے10لاکھ کا مال لیکر بدلے میں چیک دئیے جو کہ بوگس نکلے،علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے روشن والا بائی پاس کے قریب بسکٹ اورچاکلیٹ بنانے والی فیکٹری میں چھاپہ مار ا تو مالک احتشام الحق اور اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے جس پر ٹیم نے پولیس کے ہمراہ فیکٹری کا وزٹ کیا تو معروف فوڈ کمپنی اسماعیل انڈسٹریز برانڈ کے کوکومو چاکلیٹ کے نام پر جعلی اور مضر صحت کوکومو اور چاکلیٹ بسکٹ تیار کر کے شہر میں فروخت کرنے لئے موجود پائے گئے۔کوکومو کے 30کلو اورچاکلیٹ کے 12کلو سے زائد بسکٹ پیکٹ قبضہ میں لیکر تلف کر دیئے اور فیکٹری کو سیل کر دیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں