پاکستان اور پرتگال میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور (بیوروچیف)گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان سے پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومینگوئیس نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بزنس،زراعت، تعلیم اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان اچھے اور خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بزنس کمیونٹی کے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔گورنر پنجاب نے سیاحت میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات قدرتی حسن سے مالا مال ہیں۔پاکستان سیاحت کے شعبے میں پرتگال کے ساتھ اپنے تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان ہائر ایجوکش میں سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام ہونے چاہئیں۔ جبکہ پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومینگوئیس نے بزنس، سیاحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں