ٹریفک پولیس اورMCFعملے نے قبرستانوں کی دیواروں پر بھی قبضہ کروادیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی ملی بھگت سے تجاوزات شہر بھر میں پھیل گئیں’ سڑکوں سے گزرنا محال ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے فیصل آباد کے 8 بازاروں سے تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا ہے اور بازاروں کی بیوٹیفکیشن کی جا رہی ہے مگر آٹھ بازاروں سے ختم کی گئی تجاوزات اب شہر بھر میں پھیل گئی ہیں، شہر کی کوئی سڑک ایسی نہیں جس پر عارضی اور پختہ تجاوزات قائم نہ ہوں۔ ہر سڑک پر قطار درقطار ریڑھیاں کھڑی ہیں۔ یہ ریڑھیاں ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے عملہ کیلئے بھتہ خوری کا اہم ذریعہ ہیں ان سے سرعام بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔ قبرستانوں کے قریب سڑکوں پر بھی ریڑھیاں لگا دی گئی ہیں جس کی سب سے بڑی مثال عبداﷲ پور قبرستان ہے یہاں سڑک پر ریڑھیوں کی لمبی قطار لگی ہوئی ہے۔ سڑکوں پر ریڑھیاں کھڑی ہونے کے باعث ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے، جس کی وجہ سے گزرنا محال ہو گیا ہے۔ پیدل چلنے والوں کیلئے بنائے گئے فٹ پاتھوں پر بھی تجاوزات مافیا قابض ہو چکا جس کی وجہ سے پیدل گزرنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی وسماجی حلقوں نے ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری ایکشن لیکر شہر سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو سڑکوں پر گزرنے میں آسانی ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں