ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے ایکشن پلان تیار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل انتظامیہ نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ایکشن پلان تیار کرلیا۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے فلڈ کنٹرول پلان،اربن فلڈنگ کی روک تھام،ریسکیو وہیلتھ انتظامات،حفاظتی بندوں کی صورتحال اور دیگر جملہ اقدامات پر بریفنگ دی۔ریونیو، انہار، لائیو سٹاک،سول ڈیفنس ، ریسکیو1122، میونسپل کارپوریشن ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون انتظامات کو جامع انداز میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے لہذامواصلاتی نظام اپ گریڈجدید ترین آلات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام محکمے کمربستہ رہیں۔ انہوں نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے چاروں اضلاع کو ارلی وارننگ اور الرٹ سسٹمز ہر وقت فعال رکھنے کی ہدایت کی اورکہا کہ گزشتہ سیلاب کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے ریسکیو سمیت تمام تر انتظامی وحفاظتی اقدامات ہائی الرٹ رکھیں۔کمشنر نے اربن فلڈنگ کی صورت میں بارشی پانی کے تیز رفتار اخراج کے لئے اقدامات،ڈی سلٹنگ مہم میں تیزی لانے اور نشیبی علاقوں پر مشینری متعین رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ چاروں اضلاع میں موک ایکسرسائزز شیڈول کے مطابق مکمل کرلی گئی ہیں تاہم تیاریوں پر گہری نظر رکھیں اور معمولی سا بھی خلا باقی نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کنٹیجنسی پلان کے مطابق ہرمتعلقہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے۔کمشنر نے جانوروں کی ویکسینیشن کا ہدف مکمل،کیمپس کے قیام کے ساتھ ہیٹ ویو کیمپس بھی فعال رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ ہیٹ ویو کیمپس میں ریسکیو 1122 کا عملہ،فرسٹ ایڈ انتظامات،پانی کی دستیابی یقینی ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں