بگڑے امیر زادے باپ بیٹوں کا ساتھیوں کے ہمراہ2نوجوانوں پر تشدد،ویگو ڈالہ سے روند ڈالا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کالج روڈ پر بگڑے امیرزادے باپ بیٹوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ معمولی رنجش پر دو نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ویگوڈالہ سے روند ڈالا’ مضروبان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ویگوڈالہ پر نوجوانوں کو کچلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل’ سی پی او تنویر حسین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی مدینہ ڈویژن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کی سربراہی میں اے ایس پی پیپلزکالونی سرکل باسل فاروقی’ ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون سب انسپکٹر عدیل چیمہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا’ ٹیم نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ویگولہ ڈالہ کے ڈرائیور ہاد علی مکی کو ڈالہ سمیت گرفتار کر لیا، مدینہ ٹائون پولیس نے باپ میاں یٰسین اور اسکے دو بیٹوں مدنی ودود المدنی’ ٹیپو حاد علی مکی اور زید عرف زیدی اور 15نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کوہ نور فلیٹ کے رہائشی عبدالجبار اور صبور کا ملزمان کیساتھ معمولی جھگڑا ہوا تھا اور گزشتہ روز وہ کالج روڈ پر کیفے کے قریب بیٹھے تھے کہ ویگوڈالہ پر سوار باپ’ دو بیٹوں اور دیگر موٹرسائیکل سوار ساتھیوں کے ہمراہ آئے اور آتے ہی جبار اور صبور پر حملہ کر کے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے باوجود تسلی نہ ہوئی تو ویگوڈالہ سے مذکورہ نوجوانوں سمیت دیگر کو روند ڈالا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، تاہم مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا گیا اور مذکورہ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سی پی او تنویر حسین نے ڈالہ کلچر کے خاتمہ کیلئے موثر کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا، پولیس کی طرف سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں