وزیراعظم نے امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا ہے،عطاء اللہ تارڈ

اسلام آباد (بیوروچیف)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کشمیر ، فلسطین اور پوری امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا ہے،پوری دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان امریکا۔ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے،جلد تیل کی قیمتیں نیچے آئیں گی اور دنیا کی معیشتیں ترقی کریں گی،پی ٹی آئی اتنی کمزور کبھی بھی نہیں جتنی اب ہو چکی ہے، ان کا دہشتگردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے،یہ دہشتگردوں کی مذمت کرنے سے بھی گریزاں ہیں،ہم ڈنکے کی چوٹ پرکہتے ہیں کہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے ۔وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑوزیراعظم کے کوآرڈینیٹر خیبر پختونخوا اختیار ولی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں پوری امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پوری دنیا میں وزیراعظم کی تقریر کو سراہا گیا، فلسطینی نمائندوں نے دل کھول کر وزیراعظم کی تقریر کو داد دی،ہمارے فلسطینیوں کیلئے جذبات عملی طور پر سب کے سامنے ہیں،فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان بھی بھجوایا گیا،وزیراعظم نے فلسطین کے طلباء کی میڈیکل تعلیم کیلئے بھی کردار ادا کیا۔وزیراطلاعات و نشریات نے کہاکہ فلسطین کے طلباء پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں،وزیراعظم نے فلسطین کا مقدمہ لڑا اور اسرائیل کی مذمت کی،وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیاگیا،امریکی صدر نے وزیراعظم کی تقریر کا کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ انہوںنے کہاکہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان امریکا۔ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے،جلد تیل کی قیمتیں نیچے آئیں گی اور دنیا کی معیشتیں ترقی کریں گی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی کوئی تیاری نہیں تھی، 27ستمبر کے مارچ کی تاریخ انہوں نے ہی دی تھی،پی ٹی آئی اتنی کمزور کبھی بھی نہیں جتنی اب ہو چکی ہے، ان کا دہشتگردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے،یہ دہشتگردوں کی مذمت کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں،ہم ڈنکے کی چوٹ پرکہتے ہیں کہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ سہیل خان آفریدی تحریک انصاف میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں،ان کی بزدلی اور سیاسی نااہلی ثابت ہو چکی ہے،ان کے پلے اب کچھ نہیں رہا، یہ اپنی سیاسی ساکھ مکمل طور پر کھو چکے ہیں،ان کی اتنی سیاسی کمزوری کبھی بھی دیکھنے میں نہیں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں