اسلام آباد (بیوروچیف) ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے سے پاکستانی نوجوانوں اور سائبر سیکیورٹی ماہرین کے لیے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے، عالمی سطح پر معروف ادارے OpenAIنے اپنے خصوصی بائیو بانٹی پروگرام کے لیے اہل ممالک کی فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کر لیا ہے۔اس پروگرام کے تحت پاکستانی محققین مصنوعی ذہانت کے جدید ماڈلز میں حیاتیاتی سیکیورٹی سے متعلق ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کر سکیں گے، جبکہ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ماہرین کو 50 ہزار امریکی ڈالرز تک کا انعام دیا جا سکتا ہے۔اوپن اے آئی کا بائیو بانٹی پروگرام عام صارفین کے لیے نہیں بلکہ ایسے ماہرین کے لیے تیار کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ریڈ ٹیمنگ اور حیاتیاتی تحفظ کے شعبوں میں تجربہ رکھتے ہیں۔اس مہم کا بنیادی مقصد یہ جانچنا ہے کہ جدید اے آئی ماڈلز کو حیاتیاتی خطرات سے متعلق غلط استعمال سے کس طرح مزید محفوظ بنایا جا سکتا ہے، ماہرین ان ماڈلز کی جانچ کر کے ممکنہ حفاظتی کمزوریوں کی نشاندہی کریں گے تاکہ سسٹمز کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔دلچسپی رکھنے والے پاکستانی ماہرین کو سب سے پہلے ایک مختصر درخواست فارم مکمل کرنا ہوگا، جس میں ان کی بنیادی معلومات، ملک، تعلیمی یا پیشہ ورانہ وابستگی اور متعلقہ تجربے کے بارے میں معلومات طلب کی جائیں گی۔درخواست گزار کے لیے چیٹ جی پی ٹی اکانٹ کا فعال ہونا ضروری ہوگا، اوپن اے آئی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد منتخب افراد کو ایک مخصوص پلیٹ فارم تک رسائی دے گا، جہاں کام شروع کرنے سے پہلے انہیں رازداری کے معاہدے (NDA) پر دستخط کرنا ہوں گے۔جن افراد نے پہلے اس پروگرام کے لیے درخواست دی تھی، انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔منتخب ماہرین کا کام صرف کسی ایک سوال کا جواب حاصل کرنا نہیں ہوگا، بلکہ انہیں ایسی تکنیک تلاش کرنے کی کوشش کرنا ہوگی جو اے آئی ماڈلز کی حیاتیاتی حفاظتی رکاوٹوں کو وسیع پیمانے پر متاثر کر سکے۔یعنی ہدف ایک ایسی ممکنہ یونیورسل جیل بریک تکنیک کی نشاندہی کرنا ہے جو مختلف نوعیت کے حیاتیاتی خطرات سے متعلق سوالات میں موجود حفاظتی نظام کی کمزوریوں کو ظاہر کر سکے۔اوپن اے آئی نے اس پروگرام کے تحت زیادہ موثر تحقیق کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی رقم بڑھا دی ہے۔ اب نمایاں حفاظتی خامی یا اہم دریافت کرنے والے محقق کو 50 ہزار ڈالرز تک کا انعام دیا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر قابلِ ذکر تحقیقات پر بھی ادارہ اپنی صوابدید کے مطابق انعام دے سکتا ہے۔مصنوعی ذہانت نے تعلیم، تحقیق، صحت اور کاروبار سمیت کئی شعبوں میں انقلاب برپا کیا ہے، تاہم اس کے ممکنہ غلط استعمال کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق جدید اے آئی ماڈلز کو اس انداز میں محفوظ بنانا ضروری ہے کہ انہیں خطرناک حیاتیاتی سرگرمیوں، ممنوعہ تحقیق یا نقصان دہ مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔اسی مقصد کے لیے دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیاں ریڈ ٹیمنگ کا طریقہ اختیار کرتی ہیں، جس میں ماہرین جان بوجھ کر سسٹمز کی حفاظتی حدود کو آزماتے ہیں تاکہ کمزوریاں سامنے آ سکیں اور انہیں دور کیا جا سکے۔پاکستان میں آئی ٹی، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں صلاحیت رکھنے والے ماہرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،اوپن اے آئی کے اس پروگرام میں پاکستان کی شمولیت پاکستانی محققین کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔تاہم یہ کوئی عام انعامی مقابلہ نہیں بلکہ ایک تکنیکی تحقیقاتی پروگرام ہے، جس کے لیے اے آئی سیفٹی، سائبر سیکیورٹی، ریڈ ٹیمنگ اور حیاتیاتی تحفظ کے شعبوں میں گہری مہارت درکار ہوگی۔اگر کوئی پاکستانی محقق اس پروگرام کے ذریعے اہم حفاظتی خامی دریافت کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ نہ صرف اس کے لیے ایک بڑی پیشہ ورانہ کامیابی ہوگی بلکہ پاکستان کی ٹیکنالوجی کمیونٹی کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔




