مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے،مریم نواز

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں’13جولائی1931ء کو ڈوگرا راج کیخلاف احتجاج کے دوران تکمیل اذان کیلئے22کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ 95 برس بعد بھی مقبوضہ کشمیرمیں وہی ظلم وستم جاری ہیں۔ آج دنیا بھر میں کشمیری یوم شہدائے کشمیر منا رہے ہیں، 1931 میں آج کے روز کشمیری مسلمانوں ںے سنٹرل جیل سرینگر کے باہرجذبہ ایمانی کی عظیم مثال قائم کی۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے مظالم کے خلاف احتجاج کے دوران ظہر کی نماز کا وقت ہوا تو ایک نوجوان اٹھ کر اذان دینے لگا۔ ڈوگرا فوج نے اذان دینے والے نوجوان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، مظاہرین میں شامل ایک اور نوجوان نے آگے بڑھ کر اذان جاری رکھی۔ ایک کے بعد ایک اذان کی تکمیل تک 22 کشمیریوں نیجام شہادت نوش کیا۔ ڈوگرا راج کے ظلم و ستم مودی راج میں بھی جاری ہیں، یوم شہدا سے پہلے ہی تمام حریت رہنمائوں کو پابند سلاسل کیا گیا، جبکہ لواحقین کو شہدا کے قبرستان تک جانے کی بھی اجازت نہیں ملتی۔ 95 برس پہلے 22 کشمیریوں نے آزادی کا جو شمع روشن کیا تھا وہ اب جدوجہد آزادی کشمیر کی صورت میں ایک ہمہ گیر تحریک بن چکی ہے۔دریں ثنائ۔لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے حقِ خودارادیت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یومِ شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہدائے تحریکِ آزادی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے 22 شہدا سمیت ہر کشمیری شہید کا لہو آزادی کی عظیم داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو جائز حق دلوانے کیلئے عالمی برادری موثر کردار ادا کرے، شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیاں تحریکِ آزادی کا روشن ترین باب ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور عوام نے اپنے خون سے آزادی کی جو شمع روشن کی، وہ آج بھی کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کی صورت میں زندہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی گراں قدر قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ دن دور نہیں جب اہل جموں و کشمیر آزادی کی صبح دیکھیں گے۔ مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیری بہن بھائیوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں