خستہ حال عمارتوں کی زبوں حالی پر توجہ دینے کی ضرورت (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ صوبہ بھر کے کمشنر’ ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت سے فوری طور پر نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ تمام متعلقہ افسران وعملہ الرٹ رہے، کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت اور بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے جس سے صورتحال میں بہتری پیدا ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلدازجلد ممکن بنائیں۔ چوکنگ پوائنٹس پر جمع پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی کہ اربن ایریاز میں بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ محکمہ آبپاشی کی ٹیموں کو مکمل الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کو نہروں میں پانی کے بہائو کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ بارشوں کے دوران تمام تر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بارشوں کے دوران کنسٹرکشن سائٹس پر ناخوشگوار واقعہ سے بچائو کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات’ خستہ حال اور تعمیراتی طور پر حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اہم شاہراہوں اور مرکزی روڈز پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ سیف سٹی اتھارٹی اور سی ٹی او ٹیموں کو مکمل الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔ ٹریفک مینجمنٹ کے لیے عوامی رہنمائی اور رابطہ برقرار رکھنے اور عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لیے تمام فیلڈ ٹیموں کو مکمل تیار رکھنا چاہیے۔ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک اور مستعد رہیں۔ سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کو بھی جلدازجلد تعمیر کیا جائے۔ بعض علاقوں میں کئی سکولوں کی عمارتیں اس قدر بوسیدہ ہو گئی ہیں کہ کسی بھی وقت کوئی سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ لہٰذا بارشوں کے پیش نظر ان خستہ حال عمارتوں کی زبوں حالی پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ لاہور میں کاہنہ کا سانحہ بھی خستہ حال عمارت کی وجہ سے پیش آیا جس میں کئی معصوم جانیں اس دارفانی سے کوچ کر گئیں۔ ملک میں ایسی بے شمار درسگاہیں ہیں جن کی عمارتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ ان عمارتوں کو جلد تعمیر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بڑا سانحہ رونما نہ ہو سکے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امید کے عالمی دن پر کہا ہے کہ ہمت وحوصلہ کریں تو امید کی روشنی یقین کا تمتاتا سورج بن جاتی ہے۔ امید ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ پنجاب میں ہر بے گھر کا اپنی چھت کا خواب پورا ہو گا اور اس کو اپنی چھت بھی نصیب ہو گی۔ یقینی طور پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف عوام کے لیے امید کی کرن ہیں اور یقینی طور پر وہ تعلیمی اداروں کی خستہ حال عمارتوں کی تعمیر ومرمت بارے عوام کی امید کو بھی ضرور پورا کرینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں