محکمہ صحت کی ٹیم کا چھاپہ، غیر قانونی زچہ و بچہ کلینک سیل

جڑانوالہ (نامہ نگار) عوامی شکایات پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سومیہ جمیل اور ڈرگ انسپکٹر سنوبل سلیم نے اڈا حماند میں قائم مبینہ غیر رجسٹرڈ زچہ بچہ کلینک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کلینک کو سیل کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سومیہ جمیل کی نگرانی میں ہیلتھ ٹیم نے مبینہ عطائی حسن جگنو کے زیرِ انتظام چلنے والے کلینک پر چھاپہ مارا،جہاں مبینہ طور پر بغیر قانونی اجازت طبی خدمات فراہم کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران کلینک کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا جبکہ مبینہ عطائی حسن جگنو کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سومیہ جمیل نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور قانونی طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے،لہذا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کلینکس اور عطائی عناصر کے خلاف مستقل بنیادوں پر کریک ڈائون جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں