ڈویژنل کمشنر نے سلیم تقی شاہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد مسرت جبیں نے امتحانِ انٹرمیڈیٹ (اول) سالانہ 2026 کے شفاف، منظم اور کامیاب انعقاد پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نواز دیا۔پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے بطور سیکرٹری اس وقت ذمہ داریاں سنبھالیں جب نہم جماعت کے پرچے کے آئوٹ ہونے کے باعث امتحانی نظام شدید دبائو کا شکار تھا اور بوٹی مافیا سرگرم تھا۔ انہوں نے محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن، میرٹ، شفافیت اور امتحانی وقار کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے۔انہوں نے اچھی شہرت اور دیانتداری کے حامل افسران و عملے کی تعیناتی کے ساتھ خود بھی مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے۔ جہاں کہیں حکومتی ایس او پیز یا امتحانی قواعد کی خلاف ورزی سامنے آئی، وہاں فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان اقدامات کے نتیجے میں انٹرمیڈیٹ اول سالانہ 2026 کے امتحانات کے دوران نقل کلچر اور بوٹی مافیا کا موثر خاتمہ ممکن ہوا، جبکہ طلبہ و طالبات کو پرامن، شفاف اور میرٹ پر مبنی امتحانی ماحول میسر آیا۔کمشنر مسرت جبیں نے شفاف امتحانی نظام کے قیام، ذہین طلبہ و طالبات کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر موثر عملدرآمد کو سراہتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کی خدمات کا برملا اعتراف کیا اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کمشنر مسرت جبیں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر کیے گئے اعتماد کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پوری دیانتداری اور لگن سے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کو بہترین تعلیمی اور امتحانی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں