الائیڈ ہسپتال میں ایم آر آئی سہولت کا فقدان،مریضوں کو پریشانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں ایم آر آئی کی سہولت کا فقدان’ دور دراز کے مریض ذلیل و خوارفیصل آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال الائیڈ ہسپتال میں ایم آر آئی کی سہولت ناکافیہونے کے باعث دور دراز سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کو 2سے 3ماہ بعد کا وقت دے کرٹرخا دیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد شہر اور گردونواح سے اذیت ناک سفر طے کرکے مریض علاج کے لیے الائیڈ ہسپتال پہنچتے ہیں۔ لیکن ایم آر آئی مشین پر بے تحاشہ رش اور انتظامی بدانتظامی کے باعث مریضوں کو فوری سہولت نہیں مل رہی۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہم سینکڑوں کلومیٹر سفر کر کے آتے ہیں اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ 2ماہ بعد آئیں۔ اتنا انتظار مریض کی جان لے لے گا۔ غریب مریض نجی لیبز میں 15سے 20ہزار روپے فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر صحت اور کمشنر فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ایم آر آئی مشینوں کی تعداد بڑھائی جائے، نئی مشینیں نصب کی جائیں اور شفٹوں میں اضافہ کر کے مریضوں کو ریلیف دیا جائے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کروڑوں روپے کے فنڈز کے باوجود اگر سرکاری ہسپتال میں بنیادی ٹیسٹ کے لیے مہینوں انتظار کرنا پڑے تو غریب کہاں جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں