جڑانوالہ(صابر گھمن سے) محکمہ تعلیم و بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ مجرمانہ غفلت کے باعث درجنوں پرائیویٹ سکولز کی خستہ حال اور غیر محفوظ عمارتوں میں ہزاروں بچوں بچیوں کی جانیں دائو پر لگ چکی ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کئے بغیر مال بنائو مہم کے تحت پرائیویٹ سکولز مالکان تعلیم کے نام بچوں کے والدین کو جھانسہ دینے میں مصروف عمل،عوامی سماجی حلقوں کا وزیراعلیٰ پنجاب،صوبائی وزیر تعلیم،سیکرٹری تعلیم و دیگر ارباب اختیار سے اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق لاہور میں نجی ٹیوشن سنٹر کی بلڈنگ گرنے کے نتیجہ میں 14 معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم و دیگر محکمہ جات کو سخت ہدایات جاری کیں کہ سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کی عمارتوں کا جائزہ لیا جائے مگر جڑانوالہ میں محکمہ تعلیم و بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکاماتِ کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے جڑانوالہ میں درجنوں خستہ حال اور غیر محفوظ عمارتوں میں پرائیویٹ سکولز مالکان تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کئے بغیر ہی مبینہ طور پر ہزاروں بچوں بچیوں کی زندگیاں دائو پر لگا رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق سانحہ لاہور کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایجوکیشن اتھارٹی کو سرکاری و نجی سکولوں کیلئے حفاظتی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ تمام اسکول حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں خستہ حال اور غیر محفوظ عمارتوں کے استعمال پر پابندی عائد کریں اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کئے بغیر کلاسز نہ لگائیں اسکولوں میں نکاسی آب کے موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں اسکولوں میں برقی آلات کی فوری چیکنگ خراب کنکشن فوری درست کئے جائیں جبکہ اسکولوں میں درختوں کی کانٹ چھانٹ اور کمزور شاخیں فوری ہٹائی جائیں ہر سکول میں فرسٹ ایڈ کٹ مکمل رکھنے اور ہنگامی رابطہ نمبرز نمایاں کئے جائیں کسی بھی ہنگامی صورتحال یا نقصان کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے تمام سکولوں کے سربراہان محکمہ موسمیات کی وارننگ ہر عملدرآمد یقینی بنائیں مگر جڑانوالہ میں صورتحال اسکے بالکل برعکس ہے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ تعلیم کے افسران پرائیویٹ سکولوں کا سروے کرنے کی بجائے دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہے ہیں جڑانوالہ میں درجنوں اسکولوں کی عمارتیں انتہائی خستہ حال اور غیر محفوظ ہو چکی ہے جبکہ بیشتر اسکولوں کے مالکان نے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل نہ کئے ہوئے ہیں دوسری جانب اس گھمبیر صورتحال سے نظریں چرانے والے مذکورہ محکموں کی مبینہ مجرمانہ غفلت کسی بھی وقت بڑے جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر تعلیم،سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑانوالہ میں سرکاری و نجی اسکولوں کی عمارتوں کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کیا جائے اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کئے بغیر خستہ حال اور غیر محفوظ عمارتوں کو فی الفور سیل کیا جائے جبکہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت کے مرتکب ذمہ داران کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے




