اٹلانٹا (سپورٹس نیوز) فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے گول فرنانڈس اور مارٹینز نے اسکور کئے۔ اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ ابتدا سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا، میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کو دھکے دیکر گیند حاصل کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔ دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی بھرپور کوششیں کی لیکن یہ ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی جانب سے گورڈن نے 55 ویں منٹ میں پہلا گول بنایا، اس گول کے ذریعے انگلش ٹیم نے ابتدا میں سبقت حاصل کی تھی۔میچ کے 85 ویں منٹ میں فرنانڈس اور کھیل کے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں مارٹینز نے ارجنٹینا کے لیے گول کرکے انگلینڈ کا 60 سال بعد فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کردیا۔فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے اتوار کی شب ہوگا، انگلش ٹیم تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کی شب فرانس کا مقابلہ کرے گی۔یاد رہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم ساتویں بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے، تین بار اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل رہا جبکہ تین بار رنرز اپ رہی۔جیت کی خوشی اور فائنل میں پہنچنے پر ارجنیٹنا کے دارالحکومت Buenos Aires میں لاکھوں شائقین سڑکوں پر نکل آئے۔اس موقع پر جشن منایا اور شاندار آتش بازی کی گئی۔بڑی اسکرینز پر کپتان میسی کی تصویر کی نمائش کی گئی اور ٹیم کے حق میں نعرے لگائے گئے۔دریں ثناء ۔نیویارک (سپورٹس نیوز) فیفا ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب کا جشن فائنل سے قبل نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اتوار 19جولائی کو منایا جائے گا۔عالمی شہرت یافتہ اسٹارز ٹام کروز، لورا پوزینی، نکول شرزنگر، روبی ولیمز اور آئی شو اسپیڈ سمیت دیگر فنکار اس شو میں پرفارم کریں گے۔ایوارڈ یافتہ عالمی سپر اسٹار جینیفر ہڈسن فیفا ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا قومی ترانہ پیش کریں گی۔ٹورنامنٹ کے دوران تین میزبان ممالک اور 16میزبان شہروں میں 48ٹیموں کے ناقابلِ فراموش سفر کا جشن کے موقع پر ستاروں سے سجنے والے اس شو میں لورا پوزینی، نکول شرزنگر، روبی ولیمز اور آئی شو اسپیڈ کی لائیو پرفارمنسز شامل ہوں گی جبکہ ٹام کروز بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔تقریب میچ کے آغاز سے قبل کے اقدامات کرلئے گئے ہیں۔ ایک ناقابلِ فراموش جشن کے لیے موسیقی اور تفریح کی دنیا کے چند بڑے ترین ناموں کو ایک جگہ جمع کرے گی۔ ایمی، گریمی، آسکر اور ٹونی ایوارڈ یافتہ جینیفر ہڈسن فیفا ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے امریکہ کا قومی ترانہ منفرد انداز میں پیش کریں گی۔فیفا ورلڈ کپ 2026 ٹورنامنٹ جس میں 48ٹیمیں شامل تھیں اس نے گزشتہ تمام ریکارڈز پاش پاش کیے اور دنیا بھر میں لڑکیوں اور لڑکوں کی نئی نسل کو خواب دیکھنے کا حوصلہ دیا۔ آنے والے دنوں میں مزید فنکاروں اور خصوصی مہمانوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔افتتاحی تقریبات کے اس جذبے کو دہراتے ہوئے جس نے کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے عظیم ترین اسٹیج پر دنیا کا استقبال کیا تھا، یہ اختتامی تقریب فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اس دائرے کو موسیقی، ثقافت اور فٹ بال کے ذریعے مکمل کرے گی، جس کے فورا بعد ہم اس تاریخی ٹورنامنٹ کے نئے چیمپیئن کا فیصلہ کرنے والے سنسنی خیز فائنل میچ کا آغاز کریں گے۔اسٹیڈیم کے دروازے صبح 11:00 بجے (میچ شروع ہونے سے چار گھنٹے قبل) کھل جائیں گے، جہاں سے مختلف سرگرمیوں، خصوصی انعامات اور میچ سے قبل کی دیگر تفریحات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔




