واسا کا کمرشل بلز کی75فیصد ریکوری مکمل کرنیکا ہدف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کمرشل بلز کی 75فیصد ریونیو ریکوری مکمل کرنے کا ہدف لازمی قرار دیدیا ہے بصورت دیگر متعلقہ ریونیو آفیسر کو تبدیل کر دیا جائے گا اسی طرح پی ایس ایچ کی ریکوری بھی مقرر کردہ ہدف سے کسی صورت کم نہیں ہونی چاہئے۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ماہانہ بلز کی ریکوری کا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے ریونیو افسران فیلڈ میں نکلیں اور کمرشل صارفین سے واجبات اور ماہانہ بلز کی ریکوری کا 75 فیصد ہدف حاصل کرنا لازمی ہے اور جو ریونیو آفیسر اپنا مقرر کردہ ہدف حاصل نہیں کر سکے گا اس کو تبدیل کردیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ریونیو افسران اپنی متعلقہ سب ڈویژنز میں کمرشل صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ کریں۔ اسی طرح پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز ڈائریکٹوریٹ بھی ماہانہ ریکوری کا مقرر کردہ ہدف حاصل کریں، بصورت دیگران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ سے محکمہ مالی طور پر مستحکم ہو گا اور شہریوں کے نکاسی و فراہمی آب کے چیلنجزسے بہتر طریقے سے نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں