پرائیویٹ سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے تمام ڈسٹرکٹ رجسٹرنگ اتھارٹیز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔جاری مراسلے کے مطابق پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (پروموشن اینڈ ریگولیشن) آرڈیننس 1984 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق پنجاب میں کام کرنے والے تمام نجی تعلیمی اداروں کا رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ اس حوالے سے تمام ضلعی رجسٹرنگ اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں قائم تمام نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کے حصے کے طور پر طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر نجی تعلیمی ادارے کے لیے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ فرم، یا محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) حکومت پنجاب سے جاری کردہ درست بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔محکمہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ قانون اور قواعد کے مطابق اسکول کی عمارت، طلبہ اور عملے کی حفاظت کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں