تمام جیل ملازمین کیلئے ہیلتھ ونفسیاتی سکریننگ لازمی قرار

لاہور(بیوروچیف)انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب سالک جلال نے پنجاب بھر کی جیلوں کے تمام ملازمین کے لیے باقاعدہ ہیلتھ اور نفسیاتی سکریننگ لازمی قرار دے دی ۔آئی جی جیل خانہ جات کے آفس سے جاری مراسلے کے مطابق صوبے کی تمام جیلوں میں رواں ہفتے سے سٹاف کے ہیلتھ ٹیسٹ شروع کیے جائیں گے۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہر جیل میں ہر تین ماہ بعد ہیلتھ سکریننگ کیمپ لگایا جائے جبکہ تمام ملازمین کا سالانہ طبی معائنہ بھی لازمی ہوگا، جس میں بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول اور وزن کی جانچ شامل ہوگی۔آئی جی جیل نے ہدایت کی ہے کہ ڈپریشن یا ذہنی دبا کا شکار ملازمین کو مفت نفسیاتی مشاورت فراہم کی جائے جبکہ ورزش، کھیلوں اور میڈیٹیشن کے ذریعے سٹاف کا ذہنی دبا ئوکم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں۔مراسلے میں لکھا گیا اگر کسی ملازم کو سر درد، چکر یا سینے میں درد جیسی علامات ظاہر ہوں تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے، ہر جیل میں افسران کے جسمانی اور نفسیاتی ٹیسٹ کے بعد ان کی خفیہ ہیلتھ فائل بھی مرتب کی جائے گی۔آئی جی جیل نے ملازمین کو سگریٹ نوشی سے اجتناب، متوازن غذا کے استعمال اور روزانہ ورزش اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔دوسری جانب مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طویل اوقاتِ کار اور 24 گھنٹے ڈیوٹی کے دبا ئوکے باعث ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے امراض کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے تمام ڈی آئی جیز اور جیل سپرنٹنڈنٹس کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں