فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر میٹروبس کے میگا پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران شہر کے اہم چوراہوں سے ٹریفک سگنلز اتارنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا’ ٹریفک وارڈن غائب’ حادثات اور لڑائی جھگڑے روزمرہ کا معمول بن گئے تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں میٹروبس منصوبے کے آغاز پر جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ پر تعمیراتی کام شروع ہوتے ہی شاہراہوں’ چوراہوں پر لگے ٹریفک سگنلز اتار لئے گئے، سڑک کے دونوں اطراف آہنی سیلیں لگا کر بند کر دیا گیا اور چوراہوں پر گزرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ میٹروبس ٹریک پر کام کے دوران ٹریفک وارڈن ٹریفک کو مسلسل روکنے کیلئے متبادل روٹ اور ٹریفک وارڈن کی ڈیوٹی لگائی جائیں گی۔ تاہم جڑانوالہ روڈ’ کوہ نور چوک سمیت دیگر چوراہوں پر ٹریفک سگنلز اترنے سے ٹریفک وارڈن بھی غائب ہو گئے۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا، لڑائی جھگڑے’ ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا، شہریوں کو کافی دیر تک انتظار کا سامنا رہتا ہے۔ اگر وہاں پر ٹریفک وارڈن کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی وہ نظر نہیں آتے یا پھر کسی کونے یا دکان میں بیٹھ کر خوش گپیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ شہری حلقوں نے سی ٹی او ناصر جاوید رانا سے مطالبہ کیا ہے کہ میٹروبس کے ٹریک پر جہاں سے ٹریفک سگنلز اتارے گئے ہیں وہاں پر ٹریفک وارڈن کی ڈیوٹی لگائی جائے اور ان کو ٹریفک کنٹرول کرنے کا پابند کیا جائے۔




