کراچی (بیورو چیف)مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے توانائی کی ضروریات اور گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جولائی کے مہینے میں مزید مائع قدرتی گیس (ایل این جی) خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے ایک اور اسپاٹ ایل این جی کارگو کی خریداری کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔پی ایل ایل کے مطابق عالمی سپلائرز اور توانائی کمپنیوں سے 20 جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں، جبکہ موصول ہونے والی تمام بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی۔ ٹینڈر کے مطابق ایل این جی کارگو کی فراہمی 27 سے 28 جولائی کے دوران متوقع ہے تاکہ ملک میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جا سکے اور سپلائی کا تسلسل برقرار رہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اس سے قبل بھی جولائی کے لیے چار اسپاٹ ایل این جی کارگو خرید چکا ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور سپلائی چین سے متعلق خدشات کے باعث حکومت نے احتیاطی حکمت عملی کے تحت مزید ایک کارگو خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں جغرافیائی سیاسی تناؤ کے باعث عالمی ایل این جی مارکیٹ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، جس کے اثرات قیمتوں اور دستیابی دونوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق بروقت خریداری سے پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے، گیس کی ممکنہ قلت سے بچنے اور صنعتی و گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی بہتر پوزیشن میں ہوگا۔ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے پیشگی اقدامات مستقبل میں سپلائی میں رکاوٹ یا عالمی منڈی میں مزید قیمتیں بڑھنے کی صورت میں ملک کے توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔




