فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ کیا اورسنٹر میں آئے ہوئے درخواست گزاروں کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے درخواست گزاروں کے لئے بیٹھنے اور پینے کے پانی کی دستیابی چیک کی۔انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کی سروسز کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو انتظار وقار کی زحمت سے بچائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کا دورہ بھی کیا اور بس سٹینڈ کو جدید سٹیٹ آف دی آرٹ ٹرانسپورٹ ٹرمینل میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد راشد نے مجوزہ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے اقبال اسٹیڈیم کا دورہ کرکے انتظامات،صفائی،دیکھ بھال اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش، صفائی اور تمام سہولیات کو بہترین معیار کے مطابق برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں اور کھلاڑیوں کو ایک محفوظ، صاف ستھرا اور معیاری ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے سکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ اور واضح سائن بورڈز کی تنصیب یقینی بنانے، سکولوں میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹس،شجرکاری، صفائی اور مقابلہ جاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے جبکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے باقاعدہ انعقاد کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ خطرناک سکول عمارتوں کی فوری نشاندہی، نجی تعلیمی اداروں کی موثر مانیٹرنگ اور تمام تعلیمی اداروں میں معیاری سہولیات اور مثبت تعلیمی ماحول کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔




