فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا’ بیٹی سے ملاقات پر پابندی لگانے پر داماد کو قتل کرنے والے باپ بیٹا ساتھی سمیت گرفتار کر لئے۔ تفصیل کے مطابق 227 رب کے رہائشی محمد نعیم نے بتایا کہ 7جولائی 2026ء کو اس کا بھائی 29سالہ عظیم عباس شیخوپورہ روڈ پر واقع مبین ملز میں ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ جب وہ 205 رب کے قریب پہنچا تو موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے عظیم عباس کو موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہو گئے، تاہم ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد نے مختلف شواہد اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر مقتول کے سسر شہباز کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو اس نے راز اگل دیئے اور بتایا کہ مقتول عظیم کی شادی اسکی بیٹی سے ہوئی تھی اور گھریلو اختلافات کی وجہ سے داماد عظیم نے بیوی کی ان سے ملاقات پر پابندی لگا رکھی تھی، جس کی وجہ سے اس نے بیٹے قاسم اور اس کے دوست غلام رسول نے ملکر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور ڈیوٹی پر جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ تاہم کھرڑیانوالہ پولیس نے داماد کے قاتل سسر شہباز اسکے بیٹے قاسم اور ساتھی غلام رسول کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا ہے۔ اندھا قتل ٹریس کرنے پر سی پی او تنویر حسین کی ایس ایچ او کھرڑیانوالہ اور اسکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




