سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیرِ صدارت 27 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلے میں ضلع سرگودھا میں مقیم کشمیری ووٹرز کے لیے قائم پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 34 جموں ون اور ایل اے 42 کشمیر ویلی تھری کے مجموعی طور پر 2,154 رجسٹرڈ ووٹرز مقیم ہیں، جن میں 1,171 مرد اور 983 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ حلقہ ایل اے 42 کشمیر ویلی تھری کا ضلع میں صرف ایک ووٹر رجسٹرڈ ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ایل اے 34 جموں ون میں 17 جبکہ ایل اے 42 کشمیر ویلی تھری میں 7 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلع میں 6 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جہاں مرد و خواتین کے لیے مجموعی طور پر 12 پولنگ بوتھ (6 مردانہ اور 6 زنانہ) قائم ہوں گے۔ پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ بوائز ہائی سکول دھریمہ، گورنمنٹ کمپری ہینسو بوائز ہائی سکول سرگودھا، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سلانوالی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھلوال، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جہان آباد شاہپور اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول للیانی، کوٹ مومن میں قائم کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انتخابات کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، بجلی، مواصلاتی سہولیات اور دیگر تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔




