تاجروں کا شہر کے8بازاروں کے بند راستے کھولنے کا مطالبہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آٹھ بازاروں کے بند راستے کھولے جائیں’ بیوٹیفکیشن کی وجہ سے دکاندار پہلے ہی مشکل میں ہیں اوپر سے کچہری بازار’ چنیوٹ بازار’ کارخانہ بازار کو بیریئر اور خار دار داروں سے بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے دکاندار اور کسٹمر سخت اذیت سے دوچار ہیں اور کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے’ ان خیالات کا اظہار سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ نے فیصل آباد میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق سے ملاقات کے دوران کیا’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے گروپ لیڈر چوہدری بہادر علی’وائس چیئرمین ذیشان ظفر’ جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ’ کچہری بازار کے صدر چوہدری خالد جٹ’ جنرل سیکرٹری عبدالشکور ساجد’ منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل’ جھنگ بازار کے صدر بائو محسن انوار’ ارشد مارکیٹ کے صدر حاجی عبدالرحمن’ فوڈ بورڈ کے جنرل سیکرٹری وسیم ذبیع اللہ ‘ مظفر حسین’ صوفی امین بھی موجود تھے’ محمد امین بٹ نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ بازاروں کی بیوٹیفکیشن دکانداروں کو لے ڈوبی ہے’ پہلے کچہری بازار بند کیا گیا اب امین پور بازار اور جھنگ بازار اکھاڑ دیئے گئے ہیں’ ہماری آپ سے اپیل ہے کہ ان بازاروں میں بیوٹیفکیشن کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ دکاندار سکھ کا سانس لے سکیں’ چوہدری بہادر علی’ ذیشان جاوید ظفر’ عباس حیدر شیخ’ شیخ یوسف گچھا و دیگر تاجر رہنمائوں نے ڈپٹی کمشنر کی توجہ شہر کے اہم چوکوں میں کھڑے چنگ چی رکشائوں کی طرف دلائی اور کہا کہ وارڈن صرف چالانوں تک محدود ہیں’ شہر کے بڑے چوکوں میں اکثر ٹریفک جام رہنا معمول بن گئی ہے مگر وارڈن ایک سائیڈ پر کھڑے صرف چالان کاٹ رہے ہوتے ہیں’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے وفد نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کو فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیا’ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے وفد کی آمد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے منتخب نمائندوں کی تنظیم ہے’ آپ نے جن مسائل کا ذکر کیا ہے انہیں آپ کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا’ اس کے علاوہ امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے بعد میں آپ سب کے ساتھ میٹنگ کروں گا اور مل کر تاجروں کے مسائل کو حل کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں