جڑانوالہ(نامہ نگار) تھانہ سٹی پولیس نے لڑکی کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔تفصیلات کے مطابق اغوا کے مقدمہ میں نامزد نوید اختر نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ اسلحے کے زور پر سولہ سالہ لڑکی کو اغوا کیا اور موٹر سائیکل پر بٹھا کر قریبی مکان میں منتقل کر دیا۔الزام علیہان نے مبینہ طور پر لڑکی کو نشہ آور چیز پلا کر بے ہوش کر دیا۔اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ مظفر کھوکھر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم نوید اختر کو گرفتار کر لیا اور مغویہ کو بحفاظت بازیاب کروا کر ورثا کے حوالے کر دیا ہے پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے،جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔




