پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی میں چور شہری کے گھر کا صفایا کرگئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب ہائوسنگ سوسائٹی میں سیکیورٹی کے بلند و بانگ دعوے مبینہ طور پر دھرے کے دھرے رہ گئے۔ نامعلوم چور ایک رہائشی کے گھر میں داخل ہو کر 14لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے، جبکہ سوسائٹی کی سیکیورٹی واردات روکنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔تھانہ صدر میں درج ایف آئی آر نمبر 1734/26کے مطابق مکان نمبر 378-Dکے رہائشی وسیم مشتاق کے گھر میں چور پچھلی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے، کمروں کے تالے توڑے اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان چرا کر فرار ہو گئے۔ مسروقہ سامان میں تقریباً 10لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، دو لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سینیٹری کا سامان، آرٹیفیشل جیولری، الیکٹرک و پلمبنگ کا سامان اور نقدی شامل ہے۔ مجموعی نقصان 14لاکھ روپے سے زائد بتایا گیا ہے۔واردات کے بعد پنجاب ہائوسنگ سوسائٹی کے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر ماہ بھاری سیکیورٹی اور انتظامی چارجز ادا کرتے ہیں، مگر اس کے باوجود نہ موثر گشت کا نظام موجود ہے، نہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی، اور نہ ہی رات کے وقت مناسب سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں، جس کے باعث چوروں کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں۔رہائشیوں نے سوسائٹی انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری اور موثر اقدامات نہ کیے گئے تو مزید وارداتوں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوسائٹی میں جدید سیکیورٹی نظام، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور چوکیداروں کا موثر گشت یقینی بنایا جائے۔اہل علاقہ نے سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے مسروقہ سامان برآمد کیا جائے اور پنجاب ہائوسنگ سوسائٹی میں رہائشیوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر موثر سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں