مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ۔ جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاجبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 9.66فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل 15.87 فیصد اور پیٹرول 5.23 فیصد مہنگا ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹماٹر 39.92 فیصد اور انڈے 7.31 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 0.91 فیصد اور آلو کی قیمت میں 3.70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق لہسن، بیف اور دیگر کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔دوسری جانب اس ایک ہفتے کے دوران چکن 4.66 فیصد اور کیلے 1.72 فیصد سستے ہوئے، جبکہ چینی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں