لاہور (بیوروچیف) خواجہ قیصر بٹ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل’ فخر حیات اعوان چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کی جانب سے 1200 سے زائد ایل ایل بی ڈگریوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور ان ڈگریوں کی منسوخی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے نتیجہ میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کے ایک ملازم اﷲ رکھیو کے خلاف جعلی ڈگریوں کے اجراء اور سہولت کاری میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد سامنے آنے پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخرحیات اعوان پنجاب بار کونسل نے اس کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔ مزید ملوث یونیورسٹی ملازمین’ ایجنٹس اور دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے اور ان کے خلاف بھی بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب بار کونسل جعلی ڈگریوں اور جعلی وکلاء کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ کوئی بھی شخص’ ادارہ یا سہولت کار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ پنجاب بار کونسل’ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات سے جاری ہونے والی جعلی قانون کی ڈگریوں کے خلاف جامع کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ جعلی اسناد کی بنیاد پر وکالت کا پیشہ اختیار کرنے والے تمام افراد کے لائسنس منسوخ کرنے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لانے کے لیے بھی قانونی اقدامات جاری ہیں۔




