عشق کا بھوت ،خاتون نے آشنا کیساتھ ملکر خاوند اور3بچیوں کو زہردیدیا

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)زہر خوانی کا واقعہ قتل کیس میں تبدیل’ خاتون پر آشنا کے ساتھ مل کر خاوند اور 3بیٹیوں کو زہر دینے کے الزام میں زہر دفعہ 302ت پ کا مقدمہ درج ‘ تحقیقات کا دائرہ وسیع’تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقے گلشن رحیم ٹائون میں 23جولائی کو ایک واقعہ رونما ہوا۔ جس کے مطابق اظہر علی نامی شہری نے گھریلو تنازع پر اپنی تین بیٹیوں کو زہر دینے کے بعد خود بھی زہر کھا لیا اور وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ اس کی بیٹیاں ہسپتال میں علاج معالجے کے لئے داخل کروا دی گئیں جس کے بعد گزشتہ یعنی 26جولائی کو اظہر علی کے بھائی رانامحمد طاہر ولد منظور احمد سکنہ محلہ اسلم گنج نے تھانہ صدر فیصل آباد میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کے چھوٹے بھائی اظہر علی کی شادی 14سال قبل لاہور کی رہائشی عاصمہ بی بی دخترمحمد حفیظ کے ساتھ ہوئی۔ جن کے ہاں ایک بیٹا اور چار بیٹیاںپیدا ہوئیں۔ کچھ عرصہ قبل اس کی بھاوج عاصمہ بی بی نے لاہور کے رہائشی بابرکے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کر لئے۔ جس پر اس کے بھائی اظہر علی نے اپنی بیوی کو منع کیا مگر وہ باز نہ آئی وقوعہ کے روز یعنی 23جولائی کو اس کی بھاوج عاصمہ بی بی اپنے آشنا بابر کے ساتھ مل کر اس کے بھائی اظہر علی اور تین بیٹیوں کو زہر دے دیااور ڈرامہ رچا دیا کہ اظہر علی نے بیٹیوں کو زہر دینے کے بعد خود زہر کھا لیا جس کے باعث وہ چل بسا لیکن اصل حقیقت یہ ہے کہ اس کی بھاوج نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر ان چاروں کو زہر دیا ہے۔ اس وجہ سے اس کا بھائی زندگی کی بازی ہار گیا اور اسکی بھتیجیاں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے زیر دفعہ 302ت پ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ڈی ایس پی صدر سرکل فیصل آباد چوہدری شاہد گجر کے مطابق اس مقدمے میں تاحال کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔ تفتیش مکمل ہوتے ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ کسی بھی مجرم کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں