وفاقی حکومت عوام اور کسان دوست پالیسیوں کو ترجیح دے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نائب صدرپنجاب چوہدری ارشد جٹ ِ ڈویژنل صدر سید عنایت علی شاہ، سٹی صدر رانا نعیم دستگیر خان، ضلعی صدر اعجاز چوہدری، سٹی جنرل سیکرٹری میاں اشفاق حسین، خاتون رہنما سکینہ چوہدری ودیگر نے فیصل آبا د پر یس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام اور کسان دوست پالیسیوں کو ترجیح دے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ بند کرے اور زرعی شعبے کی بحالی کے لیے کسانوں کی مالی معاونت یقینی بنائے پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ ملک میں گندم کی فصل کا سیزن مکمل ہونے کے قریب ہے، ایسے میں 10 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کے حکومتی فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مقامی کسانوں کو مناسب سہولیات، سبسڈی اور مالی معاونت فراہم کرے تو زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود مختلف زرعی اجناس درآمد کرنے پر مجبور ہے، اس لیے حکومت کو زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی معاونت اور مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ملک دوبارہ زرعی خودکفالت کی جانب گامزن ہو سکے۔پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ پارٹی ملک کو آئینی اور معاشی بحران سے بچانے کے لیے حکومتی اتحاد کا حصہ بنی، تاہم اس نے کبھی اپنے اصولی موقف پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد سے متعلق معاملات پر پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہے گی۔انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات براہ راست مہنگائی اور عام آدمی کی زندگی پر مرتب ہوتے ہیں، اس لیے حکومت کو اس پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے بعض دیگر ممالک میں تیل کی قیمتیں نسبتا کم ہیں، لہذا پاکستان میں بھی عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں۔رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ زرعی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے کسانوں کو سبسڈی، معیاری بیج، کھاد اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور درآمدات پر انحصار کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو درآمد و برآمد کی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ مقامی زرعی شعبے کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے گی اور اپنی عوامی حمایت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔ رہنمائوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انتخابی عمل شفاف، غیر جانبدار اور آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل ہوگا تاکہ عوام اپنی رائے آزادانہ طور پر استعمال کر سکیں۔پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل، مہنگائی، زرعی بحران، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے لاہور میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مفاد، جمہوری اقدار، آئینی بالادستی، کسانوں کے حقوق اور معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں